اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،فلائی دبئی نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ایک طیارے میں پیش آنے والے واقعے کی تحقیقات جاری رہنے کے باعث تل ابیب کے لیے اور وہاں سے پروازیں عارضی طور پر روک دی جائیں گی۔
یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب دبئی سے تل ابیب جانے والے فلائی دبئی کے ایک طیارے کو مبینہ طور پر ہائی جیک کرنے کی کوشش کے بعد اپنا راستہ تبدیل کرنا پڑا اور سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
رپورٹ کے مطابق، طیارے کے عمانی نژاد معاون پائلٹ پر طیارہ ہائی جیک کرنے کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے اور وہ سعودی عرب میں زیر حراست ہے۔
فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا کہ مسافروں اور عملے کی سلامتی اور فضائی آپریشنز کا تحفظ کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق، پروازوں کی عارضی معطلی سے متعلقہ حکام کو تحقیقات جاری رکھنے اور واقعے کے تمام پہلوؤں اور حقائق کا تعین کرنے کا موقع ملے گا۔
تسنیم کے مطابق، فلائی دبئی روزانہ تل ابیب کے لیے پروازیں چلاتی ہے اور 2020 میں اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کے بعد اس روٹ پر پروازوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔
آپ کا تبصرہ